کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے پوائنٹ آف آرڈر پر گزشتہ روز کی گفتگو سے کسی کی دل آزاری ہونے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ بعض میڈیا نمائندوں نے ان کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ بلوچستان کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کی بات کرتے رہے ہیں اور نظریہ پاکستان کے خلاف نہیں، تمام شخصیات کا احترام کرتے ہیں۔ میر صادق عمرانی نے دو روز قبل پیش کی گئی مذمتی قرارداد کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر اسپیکر نے کہا کہ قانون سے ہٹ کر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وضاحت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں تھا، تمام معاملات کو ختم کرکے صوبے کے وسیع تر مفاد میں آگے بڑھنا چاہیے۔ بعد ازاں اجلاس 29 ستمبر کو سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
