مقامی ۵ ستمبر ۲۰۲۶

مستونگ کے شورد پارد میں ایک ہزار افراد کی عارضی منتقلی، سیکیورٹی آپریشن ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ویب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مستونگ کے شورد پارد کے مخصوص پہاڑی علاقے میں آباد تقریباً ایک ہزار افراد کو عارضی طور پر منتقل کرکے سیکیورٹی آپریشن کیا جائے گا، حکومت کسی شہری کو مستقل بے دخل نہیں کرے گی اور نہ ہی باغات کاٹے جائیں گے۔ بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی املاک کو دہشتگردوں کے استعمال سے روکنا ضروری ہے اور اگر کسی علاقے میں دہشتگرد موجود ہوں تو شہری فوری سیکیورٹی فورسز کو اطلاع دیں، بصورت دیگر یہ سہولت کاری کے زمرے میں آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کراس پر اہلکار شہید ہوئے ہیں اور فورسز مشکل حالات میں کام کررہی ہیں، امن و امان کے مسئلے کا حل مذاکرات یا سیکیورٹی کارروائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ کارروائی پورے مستونگ میں نہیں بلکہ شورد پارد کے مخصوص پہاڑی علاقے تک محدود ہوگی اور متاثرہ افراد کو عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا۔